سی پیک، چھٹی جے سی سی میں منظور کردہ نئے منصوبوں پر ہوم ورک جلد مکمل کیا جائیگا، احسن اقبال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کی چھٹی جے سی سی میں منظور کئے جانے والے نئے منصوبوں پر ہوم ورک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ وزیر منصوبہ بندی کی صدارت میں جے سی سی کی چھٹی میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس منعقدہوا جس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر‘ وزیراعلیٰ کے پی کے پرویزخٹک‘ وزیراعلیٰ گلگت وبلتستان حفیظ الرحمان‘ سندھ اور پنجاب کے صوبائی وزراءاور دیگر افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اجلاس میں اتفاق رائے پایا گیا کہ جائزہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا جے سی سی کی چھٹی میٹنگ کے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا ہوم ورک جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپس کے پاکستانی حکام جلد اپنے اجلاس بلا کر توانائی‘ انفراسٹرکچر اور دیگرشعبوں کے نئے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے۔ انہوں نے کے پی کے میں سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سی پیک کے تمام اہداف حاصل کرنے کی صورت میں سی پیک پورے خطے کے لئے گیم چینجر ہو گا۔ پاکستان دنیا کا ایک نیا تجارتی مرکز بن کر ابھرے گا۔ سی پیک کی سرمایہ کاری 50 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سی پیک پر پائی جانے والی یک جہتی کے خلاف سازشیں کر کے غلط فہمیاں پھیلارہے ہیں۔ مگر سی پیک پر یک جہتی کا مظاہرہ کر کے قومی قیادت نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ سی پیک کے بارے میں تمام صوبوں کے تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی صنعتیں یہاں منتقل ہوں گی اور ان میں پاکستانی محنت کش کام کریں گے۔ پوری دنیا سی پیک میں شمولیت کی خواہاں ہے۔ بھارت خود کو اس منصوبے سے کیسے الگ رکھ پائے گا۔ کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے کے پی کے حکومت کے تمام تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ صوبے میں موجود دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لئے وزیراعظم کی طرف سے اے پی سی کا انعقاد مفید ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں زراعت‘ معدنیات اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری لانے کے لئے چین میں مارچ میں روٹ شوز کا انعقاد کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں سرکاری ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ گزشتہ روز سی پیک کے بارے میں اجلاس کے انعقاد کے بعد ویب سائٹ کا افتتاح کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر‘ کے پی کے اور گلگت و بلتستان کے وزراءاعلیٰ نے بھی شرکت کی۔