الیکشن کمیشن میں سردار نسیم کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے مئیر راولپنڈی سردار نسیم کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔تفصیلی فیصلہ پچیس جنوری کو سنایا جائے گا گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا خان کی صدارت میں کمیشن نے سماعت کی ۔سردار نسیم کے خلاف طاہرہ تنویر اور لبنیٰ اقبال نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں ۔سردار نسیم پر بلدیاتی انتخابات میں مخصوص نشستوں پر الیکشن پر اثرانداز ہونے کا الزام عائد کیا گیا ۔ان کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے ۔لطیف کھوسہ نے سردار نسیم کے مبینہ طور پر انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے سے متعلق تصاویری شواہد الیکشن کمیشن میں پیش کردئیے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ مجھے بھی کسی نے کچھ تصاویر پوسٹ کی ہیں۔سردار لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وحیدہ شاہ نے صرف ایک تھپڑ مارا اور میڈیا نے بار بار دکھایا،وحیدہ شاہ کو انتخابی عملے کو تھپڑ مارنے پر نااہل قرار دے دیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ وحیدہ شاہ نے صرف ایک تھپڑ مارا، کیا صرف ایک تھپڑ کافی نہیں، لطیف کھوسہ چیف الیکشن کمشنر کے سوال پر دفاعی پوزیشن میں آگئے۔انہوں نے کہا کہ ایک تھپڑ مارنا بھی غلط ہے۔ سردار نسیم کے وکیل کا موقف تھا کہ میرے موکل راولپنڈی کے بلامقابلہ مئیر منتخب ہوئے، دھاندلی کے الزامات درست نہیں۔ دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو پچیس جنوری کو سنایا جائے گا۔