وزیراعظم اور مشترکہ مفادات کونسل نے چھٹی مردم شماری کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آن لائن ) وزیراعظم اور مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں چھٹی مردم شماری کی منظوری دیدی ہے اور یہ معاملہ کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے بعد جلد پارلیمنٹ میںحتمی منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا۔باخبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ حکومت نے پہلے ہی طے کر لیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے چھٹی مردم شماری کرائی جائے گی جس کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، اسی وجہ سے کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے مسلسل بلدیاتی انتخابات سے گریز کی پالیسی کو اپنائے رکھا۔ اس ضمن میں جب آن لائن نے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی اس امر کی تصدیق کی کہ مشترکہ مفادات کونسل کے قبل ازیں ہونیوالے اجلاس میں مردم شماری کرانے پر اتفاق کر لیا گیا تھا تاہم حکومت نے مالیاتی صورتحال کے باعث اس معاملہ کو اب تک اوپن نہیں کیا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کابینہ کے اجلاس مےں منظور ی کے بعدیہ معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔
مردم شماری