ترقی پسند عوام جمہوریت کےخلاف ہر کوشش ناکام بنا دینگے: فہمیدہ مرزا

اسلام آباد (ثناءنےوز) سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک کا موجودہ جمہوری نظام ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل اور مستحکم جمہوری اداروں پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان میں جمہوریت طویل جدوجہد کے بعد قائم ہوئی اور اسے ناکام بنانے کی کسی بھی کوشش کو ترقی پسند عوام ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یورپین یونین کے انتخابی مبصرین کے تین رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت نے تمام اہم مسائل پر پارلیمنٹ کو ہمیشہ اعتماد میں لیا ہے۔ موجودہ پارلیمنٹ ترقی پسند سیاسی قوتوں پر مشتمل ہے جو بھرپور طریقے سے عوام کی بہتری اور جمہوریت کے استحکام اور فروغ کے لئے کام کر رہی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ انتخابی قوانین و ضوابط وسیع اصلاحات کے متقاضی ہیں تاکہ انتخابی عمل تمام فریقین کے لئے قابل قبول ہو‘ انہوں نے اتفاق کیا کہ یورپی یونین الیکشن آبزرور مشن کی سفارشات پاکستان میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے اور عوام کی حکمرانی میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوں گی۔