وفاق المدارس العربیہ نے طالبان سے مذاکرات کی مکمل حمایت کردی

اسلام آباد (آن لائن) وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے طالبان سے مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ طالبان سے مذاکرات مفید ہی نہیں ناگزیر بھی ہیں، امن کے قیام کی خاطر کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہیں۔ مولانا حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مدارس کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں، نادیدہ قوتیں مدارس کیخلاف پراپیگنڈا کر رہی ہیں، مدارس پر چھاپے فوری طور پر بند کر کے گرفتار طلبا سے شفاف تفتیش کے عمل کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم تمام صورتحال کا نوٹس لیں۔ مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ سابق حکومت سے معاہدہ ہوا تھا کہ اگر انہیں مدارس کے حوالے سے کوئی تحفظات ہیں تو وہ تنظیم اتحاد مدارس دینیہ یا وفاق المدارس العربیہ سے رابطہ کریگی جبکہ موجودہ حکومت نے ایک مرتبہ پھر مدارس پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جبکہ مختلف ادارے مدارس پر چھاپے مار کر طلبا کو گرفتار کر رہے ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہے۔