شمالی وزیرستان : چیک پوسٹ پر حملہ‘ 3 اہلکار زخمی‘ دو شدت پسند مارے گئے‘ پشاور میں نیٹو کنٹینر پر فائرنگ

شمالی وزیرستان : چیک پوسٹ پر حملہ‘ 3 اہلکار زخمی‘ دو شدت پسند مارے گئے‘ پشاور میں نیٹو کنٹینر پر فائرنگ

دتہ خیل/ پشاور/کوہاٹ/ بنوں (نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں شدت پسندوں کے سکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں تین اہلکار زخمی جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں دو شدت پسند مارے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے حملہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب قمر چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ عسکری ذرائع نے قمر چیک پوسٹ پر دو اہلکاروں کے زخمی جبکہ دو شدت پسندوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ شدت پسندوں نے 3 راکٹ فائر کئے سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔واقعہ کے بعد بنوں میران شاہ روڈ پر غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق بنوں میں سکول کے قریب بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں سکول کی طالبات سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے جبکہ بنوں میں ہی شہریوں نے ایک مبینہ دہشت گرد کو فائرنگ کر کے ہلاک اور ایک کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی افتخار علی شاہ کے مطابق دھماکے میں تین سے چار کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔دوسری جانب پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے حاجی انور خیل میں رات گئے چھ مشکوک افراد کو دیکھ کر علاقے میں پہرہ دینے والے شہریوں نے رکنے کا کہا تاہم مشکوک افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔اہلِ علاقہ اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور ایک کو شہریوں نے پکڑ لیا جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی عمریں چودہ سے پندرہ سال کے درمیان تھیں اور گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے تین کلو کے قریب بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پشاور میں نیٹو کنٹینرز پر دستی بم سے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ¾واقعہ کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ¾ علاقے میں خو ف و ہراس پھیل گیا۔واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق کوہاٹ ٹنل کے قریب سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے بارود سے بھرا ٹرک پکڑ لیا۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور اور کلینئر کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ایک ہزار کلو مواد کو ناکارہ بنایا۔

شمالی وزیرستان