قائد ملت کی سیاسی ،سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، راجہ ظفر الحق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سینیٹ میںقائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کودرپیش مسائل کا واحد حل تحریک پاکستان کے قائدین کے اْصولوں اور افکار پر عمل پیرا ہونے میں ہے،ہماری غلطیوں کی وجہ سے مشرقی پاکستان ہم سے علیحدہ ہوا، شہید ملت کی زندگی کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے اندر قربانی کا ایسا جذبہ تھا جو کسی او رلیڈر میںدیکھنے میں کم نظر آیا،قائد ملت کی سیاسی ،سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،ان کی خدمات و سیاسی مدبر کو بھارتی رہنما بھی یاد رکھتے ہیں، بھارت نے شروع سے ہی پاکستان کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا اور اس امید میں تھا کہ پاکستان بہت جلد ختم ہو کر بھارت کا حصہ بن جائیگا، وہ بدھ کو قائد ملت لیاقت علی خان کی66ویںیوم شہادت کے حوالے سے وفاقی اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ قائد ملت نے پاکستان کی جدوجہدکیلئے بے شمار خدمات سرانجام دیں قربانی کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا ان کا دہلی میں شاندار گھر تھا جسے قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پاکستان کے سفارتخانے کیلئے وقف کر دیا،قائد ملت نے ہمیشہ اتحاد واتفاق سے مسائل کے حل پر زور دیااور شہادت کے وقت بھی ان کے آخری الفاظ خدا پاکستان کی حفاظت کرے تھے،وہ ہندوستان کے نوابوں میں سے ایک نواب تھے جب ان کی شہادت ہوئی تو ان کے بنک اکائونٹ میں صرف 32 روپے تھے، انہوں نے اپنا سب کچھ پاکستان اور پاکستان کی عوام کیلئے وقف کر دیا تھا۔