فاروق حیدر مودودی نے جماعت اسلامی کے بانی کے جانشین کی حیثیت سے ایم ایم اے میں نمائندگی کیلئے درخواست دےدی ہے:ذرائع

اسلام آباد (نواز رضا+وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جماعت اسلامی پاکستان کے بانی سید ابوالاعلی مودودیؒ کے صاحبزادے فاروق حیدر مودودی نے جماعت اسلامی کے بانی کے سیاسی جانشین کی حیثیت سے متحدہ مجلس عمل میں نمائندگی دینے کے لئے درخواست دے دی ہے۔ جمعیت علما پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر کی دعوت پر منعقد ہونے والے دینی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں فاروق حیدر مودودی کی درخواست پر غور کیا گیا تاہم ان کی درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ فاروق حیدر مودودی کی درخواست پر غور آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے لئے بلائے جانے والے اجلاس کے دوران بعض جماعتوں کے رہنماﺅں کا جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کی قیادت سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم رہا اور وہ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں پر زور دیتے رہے کہ وہ اجلاس میں آ کر اپنا موقف پیش کریں۔