انتہا پسندوں کو عوام پر ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دینگے: بلاول

اسلام آباد (اے پی پی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہداءکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 18 اکتوبر 2007ءکو کارساز کراچی میں بے نظیر بھٹو کی پاکستان واپسی کے موقع پر انتہا پسندوں نے خیرمقدم کے لئے آنے والے قافلے پر حملہ کیا تھا۔ بلاول نے سانحہ کارساز کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس روز ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم انتہا پسندوں کو عوام پر ان کا ایجنڈا مسلط کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہمیں انتہا پسندوں کے خلاف ان کے خاتمے تک لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے اپنی لیڈر اور میری ماں کی جان کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ دیا جو آمریت اور انتہا پسندی کے خلاف لڑائی کی قیادت کرنے کے لئے پاکستان پہنچی ہی تھیں انہوں نے کہا کہ جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ محترمہ کے قافلے کو اسی ذہنیت نے نشانہ بنایا جس نے حال ہی میں ملالہ اور اس کی سہیلیوں کائنات اور شازیہ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں حملوں کا مقصد اور طریقہ کار ایک جیسے تھے۔