پاکستان نے ٹیکس نیٹ نہ بڑھایا تو 50 کروڑ پائونڈ کی امداد کم کرسکتے ہیں: برطانیہ

 اسلام آباد/ لندن(آئی این پی) برطانیہ کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی جسٹن گریننگ نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت نے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرکے ٹیکسوں کی وصولی نہ بڑھائی تو برطانوی حکومت پاکستان کے لئے 50 کروڑ پائونڈ کی امداد میں کمی کرسکتی ہے ۔ پیر کو لندن سے جاری ایک بیان میں برطانوی وزیر  نے کہا کہ برطانیہ ان ممالک کی مدد کم کرنے بارے سوچ رہا ہے جو اپنی ٹیکس آمدن نہیں بڑھا رہے، پاکستان بھی ایسے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت پاکستان کے لیے 50 کروڑ پائونڈز سالانہ امداد دیتی ہے لیکن اب اس امداد پر برطانیہ میں پاکستان میں ٹیکس آمدن کم ہونے کی وجہ سے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ جسٹن گریننگ نے کہا کہ برطانیہ ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ تاہم اگر حکومت نے ٹیکسوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے خاطر خواہ کوششیں و اقدامات نہ کیے تو برطانوی حکومت کے لئے اپنے فیصلے پر قائم رہنا مشکل ہو گا۔