جمعہ کو مظاہروں کی حمایت کا اعلان‘ راولپنڈی واقعہ زمینی ڈرون حملہ‘ دشمن کی سازش ہے: دفاع پاکستان کونسل

جمعہ کو مظاہروں کی حمایت کا اعلان‘ راولپنڈی واقعہ زمینی ڈرون حملہ‘ دشمن کی سازش ہے: دفاع پاکستان کونسل

اسلام آباد  +لاہور (ایجنسیاں + خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل نے جمعہ کو پرامن یوم احتجاج منانے کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی کمشن راولپنڈی واقعہ کی  تحقیقات جلد مکمل کرے اور اس میں  ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ راولپنڈی واقعہ کراچی سے خیبر تک ملک کو فرقہ واریت کی جنگ میں جھونکنے کے مترادف اور ملک پر دشمن کا زمینی ڈرون حملہ تھا، فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کیلئے دشمن نے گہری سازش تیار کی، ہم اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کی سعی کر رہے ہیں واقعہ قیامت صغریٰ سے کم نہ تھا، ہماری 3 سالہ کوششوں پر اس  نے پانی پھیر دیا، واقعہ کی تحقیقات جلد منظر عام پر لائی جائے، امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتا وہ معصوم عوام کو ٹینکوں تلے روند کر مال غنیمت حاصل کرکے فرار کے راستے تلاش کررہا ہے، عوام کو بیرونی سازشوں کو سمجھنا ہوگا، حکومت فی الفور نیٹو سپلائی بند کرکے طالبان سے مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اگر اس معاملے پر سنجیدگی سے کام نہ لیاگیا تو ملک دشمن عناصر کے عزائم کامیاب ہو جائیں گے، مشرف قومی مجرم ہے آئین کے تحت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں کیا۔ سمیع الحق نے کہا کہ واقعہ راولپنڈی فرقہ واریت نہیں بلکہ ملک دشمنوں کا زمینی ڈرون حملہ ہے۔ دشمن ملک کو فرقہ وارانہ جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ ایک طرف حکومت اور طالبان میں مذاکرات کی باتیں ہو رہی تھیں اور دوسری جانب امریکہ کی جانب سے ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے واضح ہو گیا ہے کہ امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتا اور وہ اس خطے کے معصوم عوام کو اپنے ٹینکوں تلے روند کر مال غنیمت لے کر جانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا یہ خطہ معدنیات سے مالا مال ہے اور دشمن اس لئے اس خطے کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ سازش کے تحت یہاں فرقہ وارانہ جھگڑا پیدا کرنے کی کوشش کی گئی اور ہم بھی بیرونی سازشوں کا شکار ہوکر پاکستانی بننے کی بجائے کوئی سنی بن گیا کوئی شیعہ ہو گیا، راولپنڈی واقعہ کی آڑ میں دشمن آگ بھڑکانا چاہتا ہے یہ بہت گہری اور سوچی سمجھی سازش ہے دشمن کی پوری منصوبہ بندی سامنے آ چکی ہے۔ اس واقعہ سے مساجد کا تقدس پامال ہوا ہے اور اس میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں۔  وقتی مظاہروں اور جھگڑوں سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ کوئی مکتبہ فکر دوسرے کی دل آزاری نہ کرے قوم سے صبروتحمل کی اپیل کرتے ہیں۔  اہلسنت والجماعت کے سربراہ علامہ احمد لدھیانوی نے کہاکہ راولپنڈی واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے پر ہم نے حکومت پر اعتماد کیا ہے، اگر واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو ملک میں ایک ناختم ہونے والے بحران کا آغاز ہو جائے گا، لال مسجد کے بعد آج تک ہم دہشت گردی پر قابو نہیں پا سکے، پنڈی واقعہ سے 500 خاندان بے روزگار ہوئے ہیں، ایک سروے کے مطابق عاشورہ کی تعطیلات اور اس واقعہ کی وجہ سے 22  ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے، سالانہ شیڈول کے مطابق نکلنے والے جلوسوں کی تعداد 20سے زائد ہے، جلوس کے قائدین کو بھی شامل تفتیش کیا جائے، اہلسنت والجماعت جمعہ کو ملک بھر یوم احتجاج منائے گی، حکومت شہداء کے ورثا اور زخمیوں کو معاوضہ دینے کے اعلان پر فوری عمل درآمد کرے اور تاجروں کی مکمل سپورٹ کریں گے۔