ایاز صادق کی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے صدر سے ملاقات

ایاز صادق کی وفد کے ہمراہ  سعودی عرب  کی شوریٰ کونسل کے صدر  سے ملاقات

اسلام  آباد+ریاض (نوائے وقت نیوز+اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں 10 رکنی پاکستانی وفد نے گزشتہ روز سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے صدر عبداللہ الشیخ سے ملاقات کی۔ سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر محمد نعیم خان، ڈپٹی چیف آف مشن خیام اکبر اور سعودی شوریٰ کونسل کے نائب صدر محمد امین جعفری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ دلچسی کے معاملات بالخصوص سعودی عرب اور پاکستان کے پارلیمان اور ارکان پارلیمنٹ کے درمیان روابط کے فروغ کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے درمیان روابط کے فروغ اور قانون سازی کے امور میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادر ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پرروابط کی موجودگی ان تعلقات کا بین ثبوت ہیں۔