امن کیلئے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، امریکی سیکرٹری برائے بحریہ کی سرتاج عزیز سے ملاقات

اسلام آباد (اے پی پی) امریکی بحریہ کے سیکرٹری رے ایڈون میبس نے سوموار کو یہاں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سمیت مجموعی دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور امریکہ کی بحریہ کے درمیان بہترین تعاون کا جائزہ لیا۔ سرتاج عزیز اور امریکی بحریہ کے سیکرٹری نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی احترام اور باہمی مفاد پر مبنی دوطرفہ تعلقات حالیہ پیش رفت پر مزید فروغ دینے کے لئے اپنی کمٹمنٹ کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے نصب العین کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔  مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز  اور رے میبس نے پاکستان امریکہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعلقات کو باہمی اعتماد کی بنیاد پر فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔ ملاقات کے دوران امریکی سفیر رچرڈ اولسن بھی موجود تھے۔ امریکی سیکرٹری برائے بحریہ نے نیول چیف ایڈمرل آصف سندھیلہ سے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ دریں اثنا اپنے ایک انٹرویو میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا کہ سری لنکا نے پاکستان میں چینی کے کارخانوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سری لنکا اور تھائی لینڈ میں تجارتی کانفرنس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔