وزیراعظم یوم آزادی پر سستے گھروں کی سکیم کا اعلان کرینگے: صدارتی ترجمان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو کم آمدن والے افراد کیلئے جلد ازجلد گھر فراہم کرنے کی پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ گھر فراہم کرنے کی اس سکیم کا کابینہ سے منظوری کے بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی یوم آزادی پر اعلان کریں گے۔ جو قوم کیلئے تحفہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر کو سرکاری ملازمین اور غریب افراد کیلئے ناکافی رہائشی سہولتوںکے بارے میں تشویش ہے۔صدارتی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر نے مشورہ دیا ہے کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن بھی اس پالیسی کی تشکیل میں شامل ہو تاکہ گھروں کی تعمیر کے لئے رعائتی شرائط پر طویل المدتی قرضے فراہم کئے جا سکیں جبکہ زمینوں کی زیادہ قیمتوں کے باعث انفرادی پلاٹ دینے کے بجائے اونچی عمارتوں میں فلیٹ تعمیر کئے جائیں۔