اسمبلیاں تحلیل کرنے کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے ختم کر دوں گا : زرداری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ کو عشائیہ دیا جس میں پارٹی چیئرمین بلاول زرداری بھٹو‘ آصفہ بھٹو‘ بختاور بھٹو نے شرکت کی۔ زرداری نے ارکان کو نوازشریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر قتل کیس کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کے کمشن کی آمد پر کچھ عناصر ناخوش ہیں اور تحقیقات میں رکاوٹ بننا چاہتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب اسمبلیاں مدت سے قبل تحلیل نہیں ہوں گی۔اسمبلیاں تحلیل کرنے کا سلسلہ ملکی نظام سے ہمیشہ کیلئے ختم کر دونگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کے تحفظ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا‘ اپنے نانا اور والد کی طرح میں بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کروں گا۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کی حکمرانی اور آئین توڑنے والے آمروں کے خلاف عمل پیرا ہے۔ آصفہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے محروم طبقے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا‘ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عوام کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے نظام میں تبدیلیاں لائیں گے۔