افغانستان ہمارے ٹرانزٹ ٹریڈ کے ٹرکوں سے وزن فیس وصول نہ کرے: پاکستان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے افغانستان سے کہا ہے کہ پاکستانی ٹرانزٹ ٹریڈ کے ٹرکوں سے وژن فیس کی وصولی نہ کرے اور ڈیوٹی گارنٹیز لینے کا سلسلہ بھی بند کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر نظر ثانی کے لئے کابل جانا تھا تاہم دورہ منسوخ ہو گیا‘ تاہم وزیر تجارت کے دورہ کابل کا پروگرام از سر نو ترتیب دیا جائے گا جبکہ پاک افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ میں تاجکستان کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے افغانستان سے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان سے ڈیوٹیز کے گارنٹی طلب نہ کی جائے اور پاکستانی ٹرکوں سے ’’وزن فیس‘‘ کی وصولی بند کی جائے۔ پاکستان بھی افغانستان کو یہ سہولتیں دے گا۔ مارچ میں پاک افغان تاجکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کا نظر ثان شدہ معاہدہ ہو جائے گا۔