غیرملکی سفارتکار اپنی سرگرمیوں میں پاکستان کے حالات کو مدنظر رکھیں: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (این این آئی + ثناءنیوز + اے این این) پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ غیرملکی سفارتکاروں کو مہمان سمجھتے ہیں‘ ان کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جائےگا۔ توقع ہے کہ وہ بھی اپنی سرگرمیوں میں پاکستان کے حالات کو مدنظر رکھیں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں عبدالباسط نے مزید کہا کہ امریکیوں کو ویزوں کے اجراءمیں معمولی تاخیر ہونا کوئی خاص بات نہیں۔ اس معاملہ پر پاکستان امریکہ تعلقات میں کوئی کشیدگی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر جامع پالیسی اپنائے ہوئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر سے بھارتی افواج کی واپسی محض اعلان ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ دے۔ اے این این کے مطابق پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان رچرڈ کا کہنا ہے کہ سفارتخانے کے عملے کو ویزوں کے اجراءیا توسیع میں مزید تاخیر کی گئی تو ان عہدیداروں کی کرسمس کی چھٹیوں کے بعد پاکستان واپسی نہیں ہو سکے گی۔