انتخابات کیلئے سازگار ماحول، تمام امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کی جائے: نگران وزیراعظم

انتخابات کیلئے سازگار ماحول، تمام امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کی جائے: نگران وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+اے پی پی) نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی کوہدایت کی ہے تمام امیدواروں کو ہرممکن سکیورٹی فراہم کی جائے اور شفاف، آزادانہ اور قابل بھروسہ انتخابات کیلئے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو امن و امان اور صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا صوبے میں انتخابی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا وہ فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے حالیہ زلزلہ سے بلوچستان میں ہونے والی تباہی اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا وفاقی حکومت متاثرین کیلئے ہرممکن امداد فراہم کرے گی اور ہدایت کی کہ تعمیر نو اور بحالی کا کام تیزی سے نمٹایا جائے۔ مزید برآں مذہبی امور کے وفاقی وزیر صاحبزادہ جمال نذیر سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا آئین مذہبی آزادی اور رنگ، نسل، ذات سے قطع نظر تمام شہریوں سے مساوی سلوک کی ضمانت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہمیں معاشرے میں ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو ہدایت کی ملک میں سازگار ماحول اور سماجی ہم آہنگی کے قیام کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کام کریں۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقہ اوستہ محمد میں بجلی کے تعطل کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو علاقے میں ترجیحی بنیادوں پر بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی اس بریک ڈاﺅن کی وجوہات معلوم کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔