سعودی حکومت کی طرف سے امدادی سامان کے تین ٹرک متاثرین سیلاب کیلئے بھیج دیئے گئے

اسلام آباد (ثناءنیوز) سعودی حکومت کی جانب سے پنجاب اور سندھ کے متاثرین سیلاب کےلئے امدادی سامان کے 30 ٹرک روانہ کردیئے گئے۔ امدادی پیکیج میں خیمے، آٹا، چینی، چاول، دالیں اور دیگر اشیاءشامل ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیر نے کہاکہ انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن سعودی عرب پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ریلیف فراہم کررہی ہے ۔ متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کرکے ان کی مشکلات حل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ امدادی سامان 5 ہزار خاندانوں میں تقسیم ہوگا۔ سعودی سفیر نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کا دوست اور برادر ملک ہے ہم ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ متاثرین کی مدد کرنے پر ہم سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سعودی حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرکے دوطرفہ تعلقات کو مزید بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔