-قومی، صوبائی حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ملک میں نئی حلقہ بندیوں کیلئے نئے انتخابی رولز میں تجویز کیا گیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کے لئے صوبائی اور وفاق کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ الیکشن کمشن کے مجوزہ انتخابی رولز کے مطابق ہر صوبہ کیلئے کم سے کم تین افسران پر مشتمل حلقہ بندی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں سے ایک آفیسر کنونیئر ہو گا جو قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی تجاویز کے ڈرافٹ بنائے گا۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور فاٹا کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اسلام آباد اور فاٹا کے حلقوں کی تجاویز ڈرافٹ کرے گی۔ ایک حلقہ ایک ضلع سے زیادہ علاقہ پر مشتمل نہیں ہو گا۔ ایک صوبہ میں ایک حلقہ کی آبادی دوسرے حلقے سے 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہو گی۔ یہ کمیٹی ان حلقہ بندیوں کے ڈرافٹ کی تشکیل کے لئے وفاقی، صوبائی اسمبلیوں اور ضلع حکومتوں کے حکام سے مدد لے سکیں گی۔ ان حلقہ بندیوں پر اعتراضات بھی داخل کرائے جا سکیں گے جنہیں کمشن باقاعدہ سماعت کے بعد ان پر فیصلہ دے گا۔