پاکستان پائندہ باد کانفرنس پرسوں اسلام آباد میں ہو گی‘ صدارت مجید نظامی کریں گے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نظریہ پاکستان فورم اسلام آباد کے زیر اہتمام پرسوں بروز جمعرات 20 اکتوبر کو 2 بجے دوپہر اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ”پاکستان پائندہ باد کانفرنس“ منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ ممتاز صحافی اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی کریں گے۔ کانفرنس کے مہمانان خاص میں قاضی حسین احمد‘ راجہ ظفر الحق‘ ڈاکٹر ثمر مبارک مند‘ جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل‘ مشاہد حسین سید‘ سردار خان نیازی‘ مہتاب خان عباسی اور غلام اکبر شامل ہیں۔ نظریہ پاکستان فورم اسلام آباد کے صدر اور معروف دانشور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے۔ کانفرنس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاً نوجوان کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ ملک بھر میں پاکستان پائندہ باد کانفرنسوں کا انعقاد مجید نظامی کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے جن کا مقصد اپنوں اور غیروں پر یہ واضح کرنا ہے پاکستان ایک ایسی ریاست ہے جو انتہائی مضبوط نظریاتی اور تمدنی بنیادوں پر قائم ہے اور جس نے خطرناک ترین طوفانوں کے منہ پھیرے ہیں جو موجودہ بحرانوں کے باوجود جواں ہمت ہے اور اکیسویں صدی میں عالمی امن و خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انشاءاللہ اس پاک سرزمین کے خلاف دشمنان دین و وطن کی مذموم سازشیں ناکام ہوں گی اور یہ ایشیا کی عظیم ترین قوم بن کر ابھرے گی۔ ملک میں مایوسیوں کے گھٹاٹوپ اندھیروں میں روشنی کے چراغ جلانا‘ عوام میں جنم لینے والی مایوسی اور بددلی کا خاتمہ کرنا‘ پاکستانی قوم میں احساس تفاخر پیدا کرنا اور پاکستان کے بارے میں مثبت اور حوصلہ افزا باتیں سامنے لانا بھی ان کانفرنسوں کے مقاصد میں شامل ہے۔ واضح رہے ان دنوں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں اور ضلعی صدر مقامات پر پاکستان پائندہ باد کانفرنسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک لاہور‘ راولپنڈی‘ سیالکوٹ‘ فیصل آباد‘ ننکانہ صاحب اور میرپور (آزاد کشمیر) میں ”پاکستان پائندہ باد کانفرنسوں“ کا انعقاد کیا جا چکا ہے جن کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔