گنگال اوور ہیڈ پل کو مرمت کرایا جائے
اسلام آباد(نیوز رپورٹ) گنگال سٹاپ پر بننے والا پل سی ڈی اے کے مسیحا کا منتظر ہے۔ پل پر کوئی لائٹ نصب نہیں ہے، اس سے متصل سڑک سرے سے بنائی ہی نہیں گئی،صفائی بالکل نہیں ہوتی۔ پل کا فرش کئی جگہ سے ٹوٹ گیا ہے، بھکاریوں کی بھر مار ہے، حفاظتی جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ اس خیالات کا اظہار ملک عبدالوحید اعوان چیئر مین اور رانا عبدالقیوم ایڈوکیٹ صدر غوری ویلفیئر ایسوسی ایشن فیز 4-Aنے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ہزاروں افراد اس پل پر سے گزرتے ہیںمگر اس کا پرسان حال کوئی نہیں۔ بارش کے دنوں میںتو اس کی حالت نا گفتہ بہ ہوتی ہے۔ متعلقہ احکام سے اصلاح احوال کی گذارش کی جاتی ہے۔