راولپنڈی کی قیادت اور بلدیاتی نمائندے ، نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، حنیف عباسی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)پنجاب سپورٹس بورڈ سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن راولپنڈی کی تمام قیادت اور بلدیاتی نمائندے فخر پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت پر لبیک کرتے ہوئے ہر اچھے برے وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، چیئرمین ، وائس چیئرمین و کونسلرز یک جان ہو کر پاکستان مسلم لیگ ٓ(ن) کے نصب العین کے حصول کے لئے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں چیئرمین یونین کونسل نمبر 28 حامد عباسی کی طرف سے دیئے گئے ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ استقبالیہ میں میئر میٹرو پولٹن کارپوریشن راولپنڈی سردار محمد نسیم حاجی پرویز خان، ملک شکیل اعوان، پیرزادہ راحت مسعود قدوسی، ضیاء اللہ شاہ، یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، وائیس چیئرمینوں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماوں نے شرکت کی۔ محمد حنیف عباسی نے کہاکہ قائد پاکستان مسلم لیگ(ن)محمد نواز شریف نے پاکستان کی قومی ترقی میں جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے اور ان کے خلاف مخالفین کی ہر سازش ناکام ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے جس نے مخالف پراپیگنڈے کے باوجود عوامی خدمت میں کمی نہیں آنے دی اور ایسے منصوبے مکمل کئے جو قومی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ پنجاب اسمبلی کے رکن راجہ محمد حنیف نے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ راولپنڈی میں مسلم لیگی قیادت نے جو ترقیاتی کام کئے اور جس قدر فنڈز فراہم کئے وہ ایک ریکارڈ ہے اور اہل راولپنڈی لیگی قیادت کا بھر پور ساتھ دیں گے۔ میئر میٹرو پولٹن کارپوریشن راولپنڈی سردار محمد نسیم خان نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کے لئے راولپنڈی کی تمام یونین کونسلوںکے دورے کئے جائیں گے اورترقیاتی فنڈز بلا تخصیص تمام یونین کونسلوں میں خرچ کرکے عوامی مشکلات دور کرنے کے لئے ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے وہ یونین کونسلوںکے چیئرمینوںاور بلدیاتی نمائندوںسے قریبی رابطہ رکھیں گے اور ان کی نشاندہی پر راولپنڈی کے شہریوں کو بہتر سہولیات زندگی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ استقبالیہ تقریب کے دوران یونین کونسلوںکے نمائندوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔