شیخ انصر عزیز نے عدالتی فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کردی
اسلام آباد( وقائع نگار) مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے انہیںقائم مقام چیئرمین سی ڈی اے کے عہدے سے ہٹانے کے عدالتی فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کردی ہے ۔ شیخ انصر عزیز کی جانب سے دائر کی گئی اپیل میں عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کو چیلنج کیا گیا ہے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کی تقرری سی ڈی اے آڈیننس 1960کی ذیلی دفعہ 8ایف کے تحت کی گئی ہے عدالت عالیہ سنگل بنچ کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دے اور درخواست گزار کے قائم مقام چیئرمین کے نوٹیفکیشن کو بحال کرنے کا حکم دے ۔ واضح رہے کہ عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ نے رواںماہ کے اوائل میں ایک شہری کی درخواست پر میئر اسلام آباد کی بطور قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے تقرری کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرا ر دیا تھا جس کے بعد میئر شیخ انصر عزیز کو چیئرمین سی ڈی اے کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا ۔