حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ موجودہ حکومتآزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ نواز شریف کے ویژن کے تحت پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کردکھایا ہے اس وقت پاکستان ضرورت سے زائد بجلی پیدا کررہا ہے۔ دہشتگردی کا بڑی حد تک خاتمہ کردیا گیا ہے۔ حکومت نے عام آدمی کو صحت کی بہتر سہولیات کا پروگرام بنایا ہے جس پر تیزی سے عمل درآمد ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کو اخباری کارکنوں کو بروقت تنخواہیں دینے کا پابند بنایا جائے گا۔ آٹھویں ویج بورڈ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ جرنلسٹس پروٹیکشن بل جلد پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت پی ایف یو جے کے صدر نواز رضا نے کی اس موقع پر پی آئی او سلیم بیگ بھی موجود تھے۔ جب کہ وفد میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل سہیل افضل، کراچی پریس کلب کے سیکرٹری مقصود یوسفی، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر ریاض ڈوگر، پی ایف یو جے کے سابق صدر خواجہ فرخ سعید، آر آئی یو جے کے صدر مظہر اقبال ، جنرل سیکرٹری خاور نواز، نائب صدر سید قیصر عباس، پی ایف یو جے کے نائب صدر شکیل الرحمٰن، بہاولپور پریس کلب کے صدر شاہد بلوچ، پی ایف یو جے کے ارکان حسنین اشرف بیگ، محسن رضا خان، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری رانا علی ابرار، پی ایف یو جے کے نائب صدر میاں سلیم شاہد سوات اور فاٹا کے صحافی ہارون سراج، یعقوب آفریدی، آل پاکستان فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر سجاد حیدر اور اے پی پی یونین کے عہدیداران موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کو صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔