وفاقی حکومت کسان دشمن، زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، ریاض پیرزادہ
اسلام آباد (نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی ریاض حسین پیرزادہ ایک مرتبہ پھر اپنی ہی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے اور کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کسان دشمن ہے، اس نے زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، مجھ سمیت تمام کسان بینکوں کے مقروض ہیں اور مڈل مین ، تاجر اور آڑھتیوں نے کسانوں کو لوٹ لوٹ کر دبئی میں پلازے کھڑے کر لئے، بیرون ملک سے علاج کرانے اوربچوں کو پڑھانے والے ملک کے وفادارنہیں،کسان گنا پیدا کریں تو گنے کا بحران ، چاول پیدا کریں تو چاولاور گندم پیدا کریں تو گندم کا بحران پیدا کر دیا جاتا ہے،تاجر مافیا نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا،پھر پوچھتے پھرتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا،میرے ساتھ سیاست میں آنے والے ارب پتی بن گئے، ہمیں کہا جاتا ہے حکومت میں بیٹھ کر تنقید کرتے ہیں،تنقید کیسے نہ کریں ہمیں ملا کیا ہے۔وہ بدھ کو یہاں قومی زرعی تحقیقاتی مرکز(این اے آر سی )میںبائیو فرٹیلائزر اور بائیو ٹیکنالوجی کو عام کرنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔