عمران کی زیرصدارت اجلاس، دھاندلیوں کے ثبوت بدھ تک جوڈیشل کمشن کو دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو کراچی میں کوئی خوف اور ڈر نہیں بلکہ وہاں پر ہماری بہت اچھی انتخابی مہم چل رہی ہے۔ امید ہے جماعت اسلامی بھی تحریک انصاف کے حق میں اپنا امیدوار بٹھا دیگی۔ ٹاسک فورس کے سربراہ نے بھی دھاندلی کے حوالے سے تمام شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔ جوڈیشل کمشن سے انصاف کا فیصلہ آئیگا اور ہمیں وہ فیصلہ قبول ہوگا۔ جمعہ کے روز تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں عمران خان نے بنی گالہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جہانگیر ترین، شیریں مزاری، ٹاسک فورس کے سربراہ اسحاق خاکوانی سمیت دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی ثبوت پیش کرنے کے حوالے سے تیاریاں اور این اے 246 میں جماعت اسلامی کے ساتھ ڈیڈ لاک پر غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس کے بعد شیریں مزاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ہر حالت میں این اے 246 کا الیکشن لڑیگی کہ کراچی کے اس حلقے میں ہماری انتخابی مہم اچھی جاری ہے۔ تحریک انصاف اپنا امیدوار دستبردار نہیں کرائیگی، ہم چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی ہماری حمایت کرے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ کراچی میں اب تبدیلی آنیوالی ہے اور تحریک انصاف کو وہاں پر کوئی خوف اور ڈر نہیں ہے بلکہ ہماری انتخابی مہم وہاں پر زور وشور سے جاری ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ٹاسک فورس کے سربراہ اسحاق خاکوانی نے دھاندلی کے ثبوتوں کی رپورٹ تیار کرلی ہے جسے جوڈیشل کمشن میں بدھ تک پیش کیا جائیگا اور جوڈیشل کمیشن سے مکمل مطمئن ہیں جو بھی فیصلہ آئیگا انصاف پر مبنی ہوگا اور اسے دل سے قبول کرینگے۔ دریں اثناءعمران خان آج ہفتہ کے روز کراچی کا دورہ کرکے این اے 246کے ضمنی الیکشن اور شاہراہ پاکستان پر کل ہونیوالے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینگے۔
عمران/اجلاس