دیامر بھاشا ڈیم 9 برس میں مکمل ہو گا‘ 4500 میگاوٹ بجلی پیدا ہو گی : وزیراعظم کو بریفنگ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کی زیرصدارت دیامیر بھاشا ڈیم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ بھاشا ڈیم ترقی کا ذریعہ بنے گا اور یہ اقتصادی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ منصوبے کی لاگت کا ایک فیصد ماحولیاتی تحفظ کیلئے مختص ہوگا۔ غیر ہنرمند ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ منصوبے پر کام کرنے والے غیرملکی ماہرین کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی حفاظت کیلئے گلگت بلتستان سکواڈ کا الگ یونٹ قائم کیا گیا۔ ڈیم کی تعمیر سے شاہراہ قراقرم کا 100 کلو میٹر حصہ متاثر ہوگا جس کے متبادل 142 کلومیٹر سڑک تعمیر ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدیات کی کہ چیئرمین واپڈا منصوبے کے معائنے کے بعد رپورٹ پیش کریں۔ منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی اور جلد علاقے کا دورہ کروں گا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے سے 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ اس پر 13 ارب 87 کروڑ ڈالر خرچ ہونگے۔ منصوبہ 9 سال میں مکمل ہوگا۔ ڈیم سے ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ بجلی اور سالانہ 2 ارب 21 کروڑ ڈالر آمدنی ہوگی۔ متاثرین کی آبادکاری کیلئے 3 مقامات پر ماڈل دیہات بنائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے کہا ہے کہ پن بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔ پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے نئی سٹوریج بنائیں گے۔ تربیلا توسیع اور نیلم جہلم پن بجلی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں گے۔