اپوزیشن اتحادیوں کے نواز، زرداری ملاقات پر تحفظات، تحفظ پاکستان بل پر مشترکہ ترامیم کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن)سینٹ میں پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتحادیوں کو اعتماد میں لئے بغیر آصف علی زرداری کی نواز شریف سے ملاقات پر شدید تنقید کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے ارکان وضاحت کرتے رہے کہ سندھ کے حوالے سے کچھ معاملات پر بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے نواز شریف سے ملاقات کی۔ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے تحفظ پاکستان بل پر مشترکہ طور پر ترامیم پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا پیپلز پارٹی کے اتحادیوں نے آصف علی زرداری کی نواز شریف سے ملاقات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ،کیا پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) سے مک مکا ہوگیا ہے؟وہ اتحادیوں کے نمائندوں کو بھی لے جا سکتے تھے۔ اس طرح تو اتحاد نہیں چلتے، پیپلز پارٹی اتحاد قائم رکھنا چاہتی ہے تو اتحادیوں کو اہم امور پر اعتماد میں لیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تحفظ پاکستان بل پر اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ ترامیم لائی جائینگی ترامیم تیار کرنے کیلئے پیر کے روز اجلاس ہوگا جس میں اتحادی جماعتوں کے دو دو ارکان شرکت کرینگے۔ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا تحفظ پاکستان بل کالا قانون ہے۔ موجودہ بل قبول نہیں ہم اپنی ترامیم لائینگے ترامیم منظور ہونے کی صورت میں بل کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔