کیمرون کا گیلانی کو فون، سیلاب زدگان کی امداد کی یقین دہانی

اسلام آباد /لندن ( نمائندہ خصوصی +وقت نیوز+ ریڈیو مانیٹرنگ) برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو فون کیا اور انہیں یقین دلایا کہ برطانیہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کرے گا۔ وزیراعظم گیلانی نے انہیں بتایا کہ آج سے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ پر جا رہا ہوں امدادی کاموں کی خود نگرانی کروں گا۔ ڈیوڈ کیمرون نے اس موقع پر ان کے دورہ امریکہ کو ملتوی کرنے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا ان کی دورہ امریکہ کے دوران افغان صدر سے بھی ملاقات طے تھی۔ کیمرون نے بتایا کہ وہ امریکہ کے دورے پر جا رہے ہیں اور وہاں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ان کی ملاقات ہو گی۔ آپ بھی اگر امریکہ آتے تو ملاقات ہوتی تاہم آپ کی ملک میں موجودگی کی زیادہ ضرورت ہے۔ گیلانی نے بتایا کہ اب حنا ربانی کھر آپ سے اور افغان صدر سے ملاقاتیں کریں گی۔ گفتگو کے دوران دونوں وزرائے اعظموں نے افغان مسئلے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔