سپریم کورٹ نے خیبر پی کے میں 36 ہزار کینال اراضی کے حوالے سے دائر درخواستیں خارج کر دیں

اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے تحصیل تخت بائی ضلع مردان خیبر پی کے میں 36 ہزار کینال وقف املاک کی اراضی پر ملکیت کے حوالے سے اقبال خان اور حبیب اللہ وغیرہ کی درخواستیں خارج کر دیں اور قرار دیا ہے کہ وقف املاک اللہ تعالیٰ کی زمین ہے اس کا کوئی اور مالک نہیں بن سکتا۔درخواست گزار محکمہ اوقاف خیبر پی کے کے ساتھ بہتر شرائط پر لیز معاہدہ کر سکتے ہیں۔ یہ فیصلہ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے پیر کے روز جاری کیا ہے۔36 ہزار کینال اراضی کی ملکیت کا دعوی1987 سے چلا آرہا تھا جس کا26 سال بعد سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا ۔درخواست گزاروں کی جانب سے وسیم سجاد ایڈووکیٹ جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے عبد العزیز کنڈی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔