چینی وزیراعظم آج اسلام آباد پہنچیں گے‘ 20 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے

اسلام آباد (ایجنسیاں) چینی وزیر اعظم وین جیا باﺅ پاکستان کے 3 روزہ سرکاری دورہ پر آج اسلام آباد پہنچیں گے‘ یوسف گیلانی چینی وزیراعظم کا خیرمقدم کریں گے۔ چینی وزیراعظم کے پرتپاک استقبال کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ دارالحکومت کو پاکستان اور چین کے قومی پرچموں اور رنگا رنگ جھنڈیوں سے سجا دیا گیا‘ چینی وزیر اعظم کا طیارہ جب پاکستانی فضائی میں داخل ہو گا تو پاک فضائیہ کے 2 جے ایف 17 تھنڈر طیارے اسے حفاظتی حصارمیں لیں گے‘ چینی وزیر اعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی‘ چینی وزیراعظم 19 دسمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے جبکہ کل صدر آصف زرداری کی طرف سے دئیے جانے والے عشائیہ میں پاکستان کی پوری سیاسی قیادت شرکت کرے گی‘ وزیراعظم ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کے لئے 20 ارب ڈالر کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے جبکہ پاکستان چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کےلئے پانچ سالہ منصوبے کا خاکہ بھی پیش کیا جائے گا۔ 250 سے زائد چینی تاجروں و صنعتکاروں کا وفد بھی مہمان وزیراعظم کے ہمراہ ہو گا۔ 18 دسمبر کو تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق سربراہ کانفرنس ہو گی۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔ دورہ پاکستان کے موقع پر چین کے وزیراعظم پاکستان میں انڈسٹریل اینڈ کمرشل بنک آف چائنہ کا افتتاح بھی کریں گے۔چین کے وزیر اعظم وین جیا باﺅ کے دورہ پاکستان کے موقع پر 18دسمبر کو اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے