آئی ایم ایف کا مشن قرضے میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے جلد پاکستان آئے گا

اسلام آباد (عترت جعفری) سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت قرضے کی قسط کے اجرا میں رکاوٹوں کے دور کرنے کے لئے آئی ایم ایف کا ایک مشن جلد پاکستان کا دورہ کریگا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس مشن کے پاکستان آنے سے قبل آر جی ایس ٹی سمیت دوسرے ایشوز پر پیش رفت کر لی جائے۔ باخبر ذرائع کے مطابق عید الاضحی سے قبل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معیشت کے جائزہ کا عمل اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔ اب حکومت دسمبر کے باقی دو ہفتوں میں آر جی ایس ٹی کے بل کو منظور کرائے گی اور سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا ذرائع نے بتایا کہ پروگرام کی مدت میں توسیع رسمی معاملہ ہے جس کے لئے کسی بھی وقت آئی ایم ایف کو کہا جا سکتا ہے۔