’ڈسپلن کی خلاف ورزی‘‘ پیپلز پارٹی نے سینیٹر فیصل عابدی سے استعفیٰ طلب کرلیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سینیٹر فیصل رضا عابدی سے استعفیٰ طلب کرلیا۔ گزشتہ روز جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر فیصل رضا عابدی سے استعفیٰ طلب کیا جس کی وجہ پارٹی پالیسی، قیادت اور پاکستان کیخلاف بیان بازی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ فیصل عابدی کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر قائم علی شاہ نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا مگر انہوں نے اس کا جواب نہ دیا۔ ادھر فیصل رضا عابدی نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاروق نائیک اور راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کے دوران ان سے استعفیٰ آصف زرداری کی ہدایت پر طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر کا عہدہ پارٹی کی امانت ہے جسے چھوڑنے کیلئے تیار ہوں اور سیاست سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ سینٹ کے آج ہونیوالے اجلاس میں بطور سینیٹر آخری مرتبہ شرکت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہیںکی، پارٹی بتائے کہ میں نے اختیارات میں کیا خیانت کی۔