اسلام آباد میں صحت کے شعبوں کی توسیع، نئے منصوبوں کی تکمیل4سال میں بھی مکمل نہ ہوسکی
اسلام آباد(قاضی بلال)اسلام آباد کے صحت کے شعبوںکی توسیع اور نئے ادارے کی تکمیل موجودہ حکومت چار سال میں بھی مکمل نہ کر سکی جس کی وجہ سے ہزاروں لوگ بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔ فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال پولی کلینک کی توسیع پیپلز پارٹی حکومت سے منظور ہوا اس کے بعد مقامی ایم این اے موجودہ وزیر مملکت کیڈ بھی چار سال گزرنے کے باوجود پر کام شروع کرانے میں ناکام ہیں ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق پولی کلینک ہسپتال کے قریبواقع ارجنٹینا پارک کا نصف حصہ ایک شہری کی جانب سے عدالت سے حکم امتناع کی وجہ سے رکا ہوا ہے ۔ اس سے پہلے فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ تعطل کا شکار رہا ہے ۔ توسیع نہ ہونے کی وجہ سے آج بھی پولی کلینک ہسپتال مسائل کا شکار ہے جہاں سی ٹی سکین اور ایم آئی آر جیسی اہم ترین مشینیں نصب نہ ہوسکیں ۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے نرسنگ یونیورسٹی کے سنگ بنیاد رکھنے باوجود وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) مقامی افراد سے یونیورسٹی کی اراضی کا قبضہ حاصل کرنے میں ناکامی سے دوچار ہے۔دوسری جانب سے ذرائع کے مطابق زمین متنازعہ ہونے کے باعث اس کے یہاںسابق وزیراعظم کی سنگ بنیاد کی تختی کو بھی مقامی لوگ اٹھا کر لے گئے ہیں ۔ بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ نے 2014میں اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان میں نرسنگ یونیورسٹی میں تعمیر کیلئے فنڈ مہیا کریں گے جس کےلئے زمین کا بندوبست حکومت پاکستان نے کرنا تھا۔ بحرین کے حکام نے ایک پروقار تقریب میں اس کا چند ماہ قبل سنگ بنیاد بھی رکھا مگر متعلقہ وزارت کی نااہلی کی وجہ سے اس یونیورسٹی پر تاحال کوئی پیش رفت نہ ہو سکی ۔