اسلام آباد میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے کوششیں جاری ہیں‘ انصر عزیز
اسلام آباد( وقائع نگار) اسلام آباد کی انفراسٹرکچر کی ترقی اس دہائی کی سنہری تاریخ رقم کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں انفراسٹرکچر کی مزید بہتری کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ اس ضمن میں کافی منصوبے پایہ تکیمل تک پہنچ چکے ہیں اور زیر تکمیل منصوبوں کے علاوہ کچھ منصوبوں پر کام جاری ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ان خیالات کا اظہار سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں روڈ ز ڈویژن I- I،III اور IV ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ اسد محبوب کیانی اور ادارے کے سینئر اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ادارے کی موجودہ انتظامیہ بلا تفریق اسلام آباد کے ہر علاقہ میں انفراسٹرکچر کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ادارے کی موجودہ انتظامیہ جزوی نہیں بلکہ کلی ترقی پر یقین رکھتے ہوئے پر عزم ہے ،میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مزید کہا۔ اجلاس کو روڈ ڈویژن II- کے جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں سے متعلق ماہِ اگست کی کارکردگی سے متعلق بتایا گیا۔ اجلاس کو ان تکمیل پانے والے اور جاری منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا گیا جن میںخیابان مارگلہ جی ٹی روڈ تا سیکٹر D-12 ، چڑیا گھر سے پیر سوہاوہ تک راستوں کو لینڈ سلائڈنگ سے تحفظ اور سیکٹر E-11 سےD-12 تک دور رویہ سروس روڈ کی تعمیر شامل تھے۔اجلاس کو روڈ ڈویژن III- کے جاری ،مکمل کیے جانے والے اور زیر تکمیل منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا گیا جن میں پاکستان ڈے پریڈ گراﺅنڈ کی روڈ، اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈورزیرو پوائنٹ تا فیض آباد انٹر چینج بشمول I-8 انٹر سیکشن کی تعمیرو ترقی، اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈورزیرو پوائنٹ تا جی ٹی روڈ کی تعمیر، اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور پر کورال انٹرسیکشن کی تعمیر، اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور پر سوہان اور کھنہ انٹر سیکشن کی تعمیر، کشمیر ہائی وے پر پشاور موڑ سے گولڑہ موڑتک لین مارکنگ، زیرو پوائنٹ تا پشاور موڑ انٹر چینج کی میڈین پر ٹیپرنگ کا منصوبہ شامل ہیں۔