سعودی عرب سے پاکستانیوں کی بے دخلی نومبر تک موخر ہو گئی: سینٹ کمیٹی کو بریفنگ

سعودی عرب سے پاکستانیوں کی بے دخلی نومبر تک موخر ہو گئی: سینٹ کمیٹی کو بریفنگ

اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کو بتایاگیا ہے حکومت پاکستان کی مداخلت پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بیدخلی کا عمل نومبر تک م¶خر کر دیا گیا ہے، 90 فیصد پاکستانیوں کو جاب سکیورٹی ملنے کا امکان بھی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پالیسی میں تبدیلی کر دی گئی ہے جس کے تحت وطن واپسی پر اوورسیز پاکستانیوں کو پنشن اور دو سال کی بجائے لائف ٹائم انشورنس دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر ملک راشد احمد نے کی، اجلاس میں وزارت سمندر پار پاکستانیز کی حالیہ اور سابقہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ارکان نے اعتراض کیا سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے وزارت اوورسیز پاکستانیز کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھا رہی اور نہ ہی انہیں ملک میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ساجد میر نے کہا قومی ایئر لائن کا رویہ سمندر پار پاکستانیوں کیساتھ انتہائی غیر شائستہ ہے جس پر سیکرٹری وزارت نے کمیٹی کو یقین دلایا اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔ اجلاس کے دوران ارکان اور وزارت کے اعلیٰ عہدےداروں سمیت ایم ڈی اوورسیز پاکستان فا¶نڈیشن حیران و ششدر رہ گئے جب ایم ڈی او پی ایف اپنے ادارہ کے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دے رہے تھے کہ چیئرمین نے ان کی بات سنی ان سنی کرتے ہوئے مجلس قائمہ کو برخاست کر دیا۔