سارک ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور سری لنکا نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافے کیلئے مشترکہ اقتصادی کمشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر ایئر چیف مارشل جیالاتھ ویرہ کوڈی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا سارک ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا پاک سری لنکا مشترکہ اقتصادی کمشن کا اجلاس جلد ہوگا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا مشترکہ کمشن کے ذریعے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنرنے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو دورہ سری لنکا کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ آئی این پی کے مطابق سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے سارک ممالک کے مابین تجارت کا فروغ وزیراعظم میاں نوازشریف کی سب سے پہلی ترجیح ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے آپس میں قریبی تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائیگا۔ وہ پیر کو سری لنکن ہائی کمشنر جیالاتوویرا کوڈی سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔