حکومت اے پی سی بلانے میں سنجیدہ ہے‘ عمران خان کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ملتوی کی گئی : پرویز رشید

حکومت اے پی سی بلانے میں سنجیدہ ہے‘ عمران خان کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ملتوی کی گئی : پرویز رشید

اسلام آباد (ثناءنیوز) وفاقی وزےر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق متفقہ حکمت عملی کے تےاری کے لےے کل جماعتی کانفرنس پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ملتوی کی گئی ہے ۔ غےر ملکی نشرےاتی ادارے سے انٹروےو مےں انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے اور اس بارے میں مربوط پالیسی بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے بھی اس کانفرنس کو ملتوی کیا گیا۔تاہم سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وہ (عمران خان) ایک فرد واحد نہیں ہیں، وہ جس پارٹی کے چیئرمین ہیں اس کی خیبر پی کے میں حکومت ہے، اس لیے ان کا ہونا بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قیام امن کے لیے شدت پسندوں سے بات چیت کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اس وقت کے وزیر قانون کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی تھی جس کا مقصد ایبٹ آباد کمشن رپورٹ شائع کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں سفارشات حکومت کو فراہم کرنا تھیں۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اس کمیٹی نے اپنا کام مکمل نہیں کیا تھا اور موجودہ حکومت ایبٹ آباد کمشن رپورٹ کی اشاعت کے بارے میں فیصلہ کمیٹی کی رائے لینے کے بعد کرے گی۔ یہ رپورٹ رواں سال مارچ سے حکومت پاکستان کی تحویل میں ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے ایبٹ آباد کمشن رپورٹ کے مندرجات کو غیر مستند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اصل رپورٹ چوری نہیں ہوئی اور آج بھی حکومت کے پاس محفوظ ہے۔ جو (مندرجات) افشا ہوئے ہیں، جسے رپورٹ کہا جا رہا ہے وہ رپورٹ نہیں ہے۔ یہ سرکاری رپورٹ نہیں ہے جس پر لوگ تبصرہ کر رہے ہیں۔