توانائی بحران، پاکستان، امریکہ، برطانوی یونیورسٹیوں کے مشترکہ منصوبے

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان، امریکہ اور برطانوی یونیورسٹیوں نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے قدرتی وسائل اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کے موثر استعمال کیلئے مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنے سے اتفاق کیا ہے۔یہ بات اعلیٰ تعلیمی کمشن کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید لغاری نے ایک انٹرویو میں کہی۔انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹیاں توانائی کے بحران کو کم کرنے کے طریقوں پر مل کر کام کریں گی اور اس بارے میں ایک بڑی تحقیقی کانفرنس کا اہتمام بھی کریں گی۔جاوید لغاری نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی کمشن بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے کے تعاون سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں توانائی کے بارے میں جدید تحقیق کے مراکز قائم کر رہی ہے اسی طرح تحقیق اور تعلیم میں بین الاقوامی اسٹرٹیجک شراکت داری کے تحت برطانوی یونیورسٹیوں کے تعاون سے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور یونیورسٹی آف گجرات نے بائیوگیس اور نباتات سے حاصل ہونے والی توانائی کی پیداوار پر کامیاب تجربے کئے ہیں جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور جلد ہی شمسی توانائی کو توانائی کے حصول کا واحد ذریعہ بنانے پر کام کر رہی ہے ' زرعی یونیورسٹی فیصل آباد توانائی کی پالیسی وضع کرنے کیلئے حکومت پنجاب کے ساتھ کام کررہی ہے۔