بلوچستان قدرتی وسائل کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز ہے: صاحبزادہ سلطان احمد علی

اسلام آباد (اے پی پی) تحقیق سے متعلق غیر سرکاری تنظیم مسلم انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنی جیوپولیٹیکل اہمیت اور قدرتی وسائل کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز ہے ۔ گوادر پورٹ ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، سول حکومت کو وہاں انفراسٹرکچر بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پیر کو یہاں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ گوادر پورٹ تجارت کے ساتھ ساتھ دفاعی اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے اور اس سے پاکستان نیوی کی قوت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس بلوچستان کیلئے ایجنڈا تو موجود ہے تاہم کوئی ایسا قلیل، درمیانی اور طویل المدتی پلان موجود نہیں جس پر تمام لوگ متفق بھی ہوں اور وہاں کے حالات کے مطابق قابل عمل بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ایک کمیٹی تشکیل دے جو وہاں کے حالات کا تفصیلی جائزہ لے کر تجاویز مرتب کرے اور ان پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے۔