اپوزیشن جماعتیں سانحہ قصور پر سیاست نہ کریں، ضیاء اﷲ شاہ
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) اپوزیشن جماعتیں سانحہ قصور پر سیاست کرنے سے گریز کریں۔ پنجاب حکومت واقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق ایم پی اے اور چیئرمین واسا ضیاء اﷲ شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ میاں شہباز شریف نے خود جاکر زینب کے والدے سے ملاقات اور تعزیت کی اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کی یقین دہانی کرائی لیکن بعض عناصر اس واقعہ کو حکومت کیخلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ تاہم وہ اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ عوام کو بخوبی علم ہے کہ کون ان کا خیر خواہ ہے اور کون ان کے زخموں پر نمک پاشی کررہا ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ پرامن رہیں۔ سیاسی مخالفین کی ایماء پر احتجاج اور مظاہروں سے گریز کریں۔