غیر ملکی فنڈنگ: پیپلز پارٹی کا الیکشن کمشن میں جواب جمع ‘ مسلم لیگ ن نے مزید مہلت مانگ لی
اسلام آباد(آئی این پی) غیرملکی پارٹی فنڈنگ سے متعلق پیپلز پارٹی نے الیکشن کمشن میں جواب جمع کرادیا جب کہ مسلم لیگ(ن)نے حتمی جواب کے لئے مہلت مانگ لی،کیس کی سماعت 22 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی گئی ۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمشن نے مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کی غیرملکی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔مسلم لیگ (ن)کی جانب سے وکیل جہانگیر جدون پیش ہوئے اور انہوں نے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی، وکیل نے کہا کہ ہمارا جواب تیار ہے اور آئندہ سماعت پر جمع کرا دیں گے۔ کمشن نے مسلم لیگ (ن)کو غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب 22 جنوری تک جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 20 جنوری تک جواب کی کاپی تحریک انصاف کو فراہم کی جائے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ نے غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب جمع کرادیا اور موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کبھی غیرملکی پارٹی فنڈنگ نہیں لی، تحریک انصاف کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 18 ستمبر 2017 کو الیکشن کمشن میں 7 سال کے پارٹی اکاونٹس کی تفصیلات جمع کرائی گئی جس کے بعد پی ٹی آئی نے مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی پر غیرملکی فنڈنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے اکا¶نٹس کی بھی جانچ پڑتال کے لئے درخواست دائر کی تھی۔
غیر ملکی فنڈنگ کیس