وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چار روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے زیراہتمام پیر کو چار روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی۔ مجموعی طورپر 1197 موبائل ٹیموں نے گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے۔ اسلام آباد میں 15 سے 18 جنوری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران مجموعی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے تین لاکھ 13 ہزار 383 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس حوالے سے سی ڈی اے کی 737 ٹیموں کو ایک لاکھ 51 ہزار 200 بچوں کو اور ضلعی انتظامیہ کی کل 671 ٹیموں کو ایک لاکھ 62 ہزار 183 بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنر صاحبان پوری اس مہم کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ اسلام آباد پورے عمل کی نگرانی کررہے ہیں۔ گھر گھر موبائل ٹیموں کے علاوہ کل 115 فکسڈ پوائنٹ اور 96 ٹرانزٹ پوائنٹ مقرر کئے گئے ہیں سی ڈی اے کے ذمہ 27 زون اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ 24 زون دیئے گئے ہیں۔