لائن آف کنٹرول : بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پاک فوج کے چار جوان شہید جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوج کے تین اہلکار مارے گئے
راولپنڈی (این این آئی)بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے چار جوان شہید ہو گئے-پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوج کے تین اہلکار مارے گئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں-آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر جندروٹ اور کوٹلی سیکٹرز میں ایک بارپھر بلا اشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے چار جوان شہید ہو گئے- آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے موثر کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے تین اہلکار ہلاک ہو گئے فائرنگ کے تبادلے میں متعدد بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ دشمن کی توپیش خاموش ہو گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان کمیونیکیشن لائن کی مرمت کر رہے تھے کہ اس دوران بھارتی فوج نے فائرنگ کر دی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فوجی جوانوں نے مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے۔ پیر کو وزیراعظم نے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے مادر وطن کیلئے فوجی جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ فوجی جوانوں نے مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر کارروائیاں خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں‘ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے‘ پاک فوج بھارتی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے‘ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ پیر کو شہباز شریف نے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر کارروائیاں خطے میں امن کیلئے خطرہ ہیں ۔
بھارتی فائرنگ