گریڈ 21 کے 9 افسروں کی اگلے گریڈ میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (نامہ نگار) گریڈ 21کے 9 افسران کی گریڈ 22 میں ترقیوں کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق عارف احمد کو گریڈ 22 میں  ترقی دے کر سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی تعینات کر دیا گیا، وہ بطور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈویژن خدمات سرانجام دے رہے تھے، خالد حنیف سیکرٹری کیڈ تعینات کر دیئے گئے، وہ بطور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور خدمات سر انجام دے رہے تھے، خالد پرویز کو سیکرٹری بندرگاہ و جہاز رانی تعینات کر دیا گیا، شاہ رخ ارباب سیکرٹری ہائوسنگ تعینات کر دیئے گئے، وہ اسی وزارت میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری کام کر رہے تھے، خالد محمود کو سینئر ممبر فیڈرل لینڈ کمیشن تعینات کر دیا گیا، صاحبزادہ سعید احمد سیکرٹری فیڈرل ٹیکس محتسب، فضل نثار خان کوایم ڈی پرنٹنگ  کارپوریشن تعینات کر دیا گیا، محمد رئیس الدین پراچہ ممبر انچارج وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کراچی تعینات کر دیا گیا ہے۔ 22گریڈ میں ترقی پانے والوں میں رجسٹرار سپریم کورٹ طاہر شہباز  بھی شامل ہیں۔