غیرملکی سفیروں، عالمی اداروں کے نمائندوں کو شمالی وزیرستان کا دورہ کرایا گیا

غیرملکی سفیروں، عالمی اداروں کے نمائندوں کو شمالی وزیرستان کا دورہ کرایا گیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان میں مقیم دوست ملکوں کے سفیروں اور عالمی اداروں کے نمائندوں کو گذشتہ روز شمالی وزیرستان کا دورہ کرایا گیا۔ سفیروں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی وزیر برائے سیفران لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ اور وزیراعظم کے قومی سلامتی و خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کے علاوہ کور کمانڈر پشاور جنرل ہدایت الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے آپریشنل کمانڈر نے سفیروں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سفیروں کو دہشت گردوں کے تباہ ٹھکانے، دیسی ساختہ بم بنانے والی فیکٹریاں، سرنگیں، خود کش حملہ آوروں کے تربیتی مراکز اور ان سے پکڑا جانے والا اسلحہ و بارود دکھایا گیا۔ سفیروں نے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہا اور خطہ میں امن و سلامتی کے قیام کے لئے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفد میں افغانستان، ہالینڈ، آسٹریلیا کے سفیر، امریکہ، جرمنی اور ارجنٹینا کے ناظم الامور جبکہ یو این ڈی پی، یو ایس ایچ سی آر اور عالمی ادارہ خوراک کے نمائندے شامل تھے۔