سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس، عدالتی ملازمین کے سروس رولز میں ترامیم کا معاملہ کمیٹی کے سپرد

سپریم کورٹ کا فل کورٹ  اجلاس،  عدالتی ملازمین کے سروس  رولز میں ترامیم کا معاملہ کمیٹی کے سپرد

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + این این آئی + آن لائن)  چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ  کا فل کورٹ  اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں  ملازمین کی تقرریوں، ترقیوں،  عدالتی و انتظامی  امور پر غور کیا گیا۔  مشاورت  اور بحث  کے بعد مسودہ  رولز سے متعلق آئینی  و قانونی  کمیٹی کو بھجوا  دیا گیا۔ چیف جسٹس  نے اجلاس میں شریک تمام جج صاحبان  کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس  افسروں اور ملازمین کی تقرری  کے رولز میں  ترمیم کے حوالے سے  مختلف معاملات پر غور کے لئے منعقد ہوا۔ اجلاس میں گریڈ ایک تا سولہ ملازمین،  کورٹ اسسٹنٹ،  سپرنٹنڈنٹ کو اسسٹنٹ  رجسٹرار کے عہدے تک  ترقی دینے اور ملازمین  کے سکیل  ہائی کورٹ کے سکیل کے برابر  کرنے بارے غور کیا گیا جبکہ مقدمات  کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ  کرنے، نقول کی فراہمی اور کاز لسٹ  وغیرہ جیسے امور پر بات کی گئی۔  فل کورٹ اجلاس میں شرکت کرنے والے  ججز  میں جسٹس جواد ایس خواجہ‘ جسٹس انور ظہیر جمالی‘ جسٹس میاں ثاقب نثار‘ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ‘ جسٹس سرمد جلال عثمانی‘ جسٹس امیر ہانی مسلم‘ جسٹس اعجاز افضل خان‘ جسٹس گلزار احمد‘ جسٹس شیخ عظمت سعید‘ جسٹس اقبال حمید الرحمان‘ جسٹس مشیر عالم‘ جسٹس دوست محمد خان‘ جسٹس عمر عطا بندیال‘ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور رجسٹرار سپریم کورٹ سید طاہر شہباز شامل تھے۔