طالبان سے مذاکرات جاری رکھنے کے حوالے سے وزیراعظم کی طرف سے 24 گھنٹے میں اہم اعلان متوقع

طالبان سے مذاکرات جاری رکھنے کے حوالے سے وزیراعظم کی طرف سے 24 گھنٹے میں اہم اعلان متوقع

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے امن کیلئے طالبان سے مذاکرات جاری رکھنے کے حوالے سے 24 گھنٹوں میں اہم اعلان متوقع ہے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورہ ترکی کے دوران حکومتی کمیٹی کے رابطہ کار عرفان صدیقی سے مسلسل رابطے میں رہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان کی طرف سے مذاکراتی عمل کے باوجود پشاور اور کراچی میں دہشت گردی کے دو بڑے واقعات پر وزیراعظم نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ترکی سے واپسی کے فوری بعد حکومتی کمیٹی کے رابطہ کار عرفان صدیقی سے ملاقات کرکے تازہ ترین حالات سے آگاہی حاصل کی۔  عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو بتایا کہ  حکومتی کمیٹی نے طالبان کمیٹی کے ذریعے طالبان پر واضح کردیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی منفی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرکے واضح اور دوٹوک اعلان نہ کیا تو مذاکراتی عمل مزید جاری نہیں رہے گا۔