عالمی اداروں نے بھارت کو کشمیریوں کی آواز دبانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے:صلاح الدین

اسلام آباد (ثناءنیوز) متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ کشمیر ایشو پر غیر ملکی اداروں کا کردار جانبدارانہ ہے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات اور اپنے قوت بازو پر بھروسہ کر کے بھارت کے ناجائز تسلط کو ختم کر کے آزادی حاصل کرنی ہے ۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ اس مسئلے کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت کی ہٹ دھرمی ،فوجی غرور اور تاخیری حربے ہیں ۔ پاکستان واحد ملک ہے جو کشمیریوں کی پشت پر ہے ۔ سفارتی اخلاقی ہر محاذ پر پاکستان اس جدوجہد کی حمایت کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے مگر پاکستان کی داخلی صورت حال سے آزادی کشمیر کی تحریک متاثر ہوئی ۔ عالمی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کے کشمیر کے بارے میں کردار مثالی نہیں۔عالمی اداروں نے بھارتی سامراج کو نہتے کشمیریوں کی جائز آواز کو کچلنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ بھارت کو اپنے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لئے عالمی فورموں کو استعمال کر رہا ہے۔